نئی دہلی؍بنگلورو 26ستمبر(ایس او نیوز) آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات میں کانگریس کی طرف سے پارٹی کے صدر راہل گاندھی کو غیربھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اتحاد کا وزیراعظم کے عہدہ کا امیدوار پیش کئے جانے کے ایک دن بعد ہی پیر کو اس مہم کو اس وقت بڑی حمایت ملی جب سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیو ے گوڑا نے کہاکہ اس میں ان کی پارٹی کو کوئی اعتراض نہیں ہے ۔کانگریس ورکنگ کمیٹی کی اتوار کو دہلی میں ہوئی میتنگ میں مسٹر گاندھی کو غیربی جے پی اتحاد کا وزیراعظم کے عہدہ کا چہرہ بناکر عام انتخابات لڑنے کا اعلان کیا گیا تھا۔جنتادل (سیکولر) کے سربراہ مسٹر دیوے گوڑا نے ٹیلی ویزن چینل ٹائمس ناو سے بات چیت کے دوران کہاکہ ان کی پارٹی کو مسٹر گاندھی کو وزیراعظم قبول کرنے میں کوئی دقت نہیں ہے اور وہ اس کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ حال ہی میں کرناٹک اسمبلی میں کسی پارٹی کو واضح اکثریت نہ ملنے کے بعد جنتادل (ایس) نے کانگریس کی مدد سے ریاست میں ایچ ڈی کماراسوامی کی قیادت میں اتحادی حکومت بنائی ہے ۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ مسٹر گاندھی کو وزیراعظم قبول کرنے میں جنتادل (ایس) کوکسی طرح کی پریشانی میں نہیں ہے ۔ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ تمام مقررین نے ایک آواز میں مسٹر گاندھی کی قیادت پارٹی کوآگے بڑھانے پر زور دیا تھا اور عام انتخابات میں مسٹر گاندھی کے اتحاد کی قیادت کرنے کی حمایت کی تھی۔